انجمن ترقی اردو (ہند) اردو زبان و ادب کا سب سے قدیم، خود مختار اور ایک قوم پرست لسانی و ادبی ادارہ ہے جو اس عظیم زبان کے مہتم بالشان ادبی ورثے کو محفوظ رکھنے، اس کو فروغ دینے اور نسلوں کی ذہنی و تہذیبی آبیاری کے لیے گذشتہ 143 برسوں سے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انجمن کے اہم مقاصد میں اردو زبان کی ترقی، بقا و تحفظ، اردو تعلیم کا فروغ، اس کے حقوق کی پاسداری اور اردو کے ادبِ عالیہ کا تعین (Canonisation)، اردو املا کی معیاربندی نیز ایسے معاشرے کا قیام شامل ہیں جن میں اردو کی ادبی اقدار کی بالادستی ہو۔ ان مقاصد کے حصول کے لیے انجمن اردو کے تہذیبی و علمی ورثے کو محفوظ رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہے جس کے لیے وقتاً فوقتاً ادبی تقریبات، ورکشوپس اور سمیناروں کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے تاکہ لوگوں کو اردو زبان اور اس کی ثقافت سے ہم آہنگ ہونے کے لیے ایک بہتر پلیٹ فورم فراہم ہوسکے۔ مزید دیکھیے…
اردو زبان و ادب کے اثاثے کا
ہندستان کے لسانی ورثے کی
ہندستانی تہذیب و ثقافت کا
انجمن کے پاس دنیا بھر کے ممتاز ادیبوں کے قلم سے لکھے گئے خطوط نیز شاعروں، ادیبوں اور علما و محققین کی تصاویر کا نایاب ذخیرہ بھی موجود ہے۔
موجودہ دور میں ہندستان بھر میں انجمن ترقی اردو (ہند) کی 650 سے زائد مقامی شاخیں ہیں، جن کا انتظام ریاستی سکریٹریز کی قیادت میں بہ حسن و خوبی انجام پاتا ہے۔ یہ شاخیں اردو زبان و ثقافت کے فروغ کے لیے سیکولر بنیادوں پر اس طرح کام کررہی ہیں کہ مقامی زبانوں اور ان کے تہذیبی عناصر کو اردو زبان اور اس کے تہذیبی خلقیے کا حصہ بنایا جاسکے نیز ہندستان کی گنگا جمنی تہذیب کو تقویت بخشنے کی روایتی خدمت اردو انجام دیتی رہے۔
انجمن ترقی اردو (ہند) کی شبلی میموریل لائبریری میں نادر کتابوں اور نایاب تر مخطوطات کا اہم خزانہ ہے۔
انجمن ترقی اردو (ہند) کی جانب سے 1936 میں انجمن کے مرکزی دفتر کے اورنگ آباد سے دلّی منتقل ہونے کے بعد ایک شاندار لائبریری کے قیام کے لیے اردو کتابوں کے عطیے کی اپیل کے ساتھ ساتھ ادارے ہی سے شائع کی گئی نایاب کتابوں نیز خریدی گئی کتابوں اور مخطوطات کی وجہ سے انجمن ترقی اردو (ہند) کے کتب خانے میں جلد ہی اردو کتابوں کے ساتھ عربی، فارسی اور اردو کے مخطوطات کا ایک قابلِ رشک ذخیرہ اہلِ علم کے استفادے کے لیے جمع ہوگیا تھا، جسے بدقسمتی سے تقسیم کے پُرآشوب دور میں بلوائیوں نے نذرِ آتش کردیا۔ 1949 میں انجمن کی شبلی میموریل لائبریری کو نئے سرے سے اہم کتابوں اور نادر مخطوطات سے مزین کرنے کا کام شروع ہوا اور جلد ہی عطیات کی صورت میں مخطوطات اور اہم کتابیں جمع ہوگئیں۔ انجمن نے مختلف ذرائع سے اپنی شائع شدہ کتابوں کو حاصل کرکے نہ صرف شائع کیا بلکہ اپنے اشاعتی پروگرام کو نہایت منظم طریقے پر توسیع پذیر کیا۔
1999 میں ایران کلچر ہاؤس کے فارسی ریسرچ سنٹر نے انجمن کی لائبریری میں موجود فارسی مخطوطات کی ایک وضاحتی فہرست تیار کی تھی جو شائع ہوچکی ہے۔ سال 2023 میں انجمن کے مرکزی دفتر کے مکمل طور پر تجدید کے عمل میں لائبریری کے نظام کی جدیدکاری بھی کی گئی تاکہ جدید ترین سہولیات کے ذریعے قارئین کی اس کے قیمتی علمی وسائل تک بہ آسانی رسائی ہوسکے۔ rekhta.org نے اپنی ویب سائٹ پر ایک صفحہ انجمن کی لائبریری کی ڈیجیٹائز کی گئی کتابوں کے لیے اس وجہ سے ہی مختص کیا ہے کیوں کہ انجمن نے ہی سب سے پہلے ریختہ کو اپنی لائبریری ڈیجیٹائز کرنے کی اجازت دی تھی جس سے ریختہ کا لٹریری کورپس تیار ہوسکا۔ اس صفحے کا لنک یہ ہے: مزید…
انجمن ترقی اردو (ہند) کا نوتعمیرشدہ ڈاکٹر سیدنا سیف الدین اوڈیٹوریم نئی دہلی کے بہترین اوڈیٹوریمس میں شمار ہوتا ہے۔ اس میں جدیدترین آلات کے ساتھ ہر وہ سہولت موجود ہے جو ہندستان کے کسی بھی بہترین اور دیدہ زیب اوڈیٹوریم میں ہوسکتی ہے۔ مزید…
Copyright © 2025 | Anjuman Taraqqi Urdu (Hind)