
انجمن کی شبلی میموریل لائبریری میں نایاب کتابوں اور مخطوطات کا ایک قیمتی ذخیرہ موجود ہے، جن میں سے بیش تر کتب چوں کہ اب نادر الوجود کی حیثیت رکھتی ہیں، اس لیے، اب اس کتب خانے کو ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے اور برِّصغیر میں شاید یہ اردو کی سب سے اہم لائبریری ہے جو ہر طرح کی جدید ٹیکنولوجی سے مزین ہے۔
1936میں انجمن ترقی اردو (ہند) کے اورنگ آباد سے دہلی منتقل ہونے کے بعد اہلِ علم سے اردو کتابوں کے عطیے کی اپیل کے ساتھ ساتھ خود انجمن نے بھی نایاب کتابوں کی مستقل خریداری کرنی شروع کی تھی، اور ایک مختصر وقت میں عربی، فارسی اور اردو کے مخطوطات اور نایاب کتابوں کا ایک وسیع ذخیرہ جمع ہوگیا جو بدقسمتی سے 1947 میں انجمن کے دفتر کے نذرِآتش کیے جانے کے بعد خاکستر ہوگیا اور 1949 کے بعد پھر ایک عظیم لائبریری بنانے کا کام شروع ہوا۔
انجمن کی لائبریری میں اردو ،عربی ،فارسی کی نادر کتابوں اور مخطوطات کا جو بیش بہا خزینہ ہے اس کا نہ تو کوئی ثانی ہے اور نہ ہی اس کی اہمیت کا اندازہ قیمت سے لگایا جاسکتا ہے۔ 1999 میں ایران کلچرل ہاؤس کے فارسی ریسرچ سنٹر نے اس لائبریری میں موجود فارسی مخطوطات کی ایک وضاحتی فہرست تیار کی تھی جو شائع بھی ہوچکی ہے۔ سال 2023 میں انجمن کی مکمل طور پر تجدید اور لائبریری کے نظام کی جدید کاری کی گئی تاکہ جدید ترین سہولیات کے ذریعے قارئین کی اس کے قیمتی علمی وسائل تک بہ آسانی رسائی ہوسکے۔ rekhta.org نے اپنی ویب سائٹ پر ایک صفحہ انجمن کی لائبریری کی ڈیجیٹائز کی گئی کتابوں کے لیے اسی وجہ سے ہی مختص کیا ہے کیوں کہ انجمن نے ہی سب سے پہلے ریختہ کو اپنی لائبریری ڈیجیٹائز کرنے کی اجازت دی تھی۔ اس صفحے کا لنک یہ ہے : https://www.rekhta.org/